فرینک ڈیرابونٹ ہالی ووڈ کی تاریخ کی بہترین فلموں میں سے ایک شاشینک ریڈمپشن کے ہدایت کار ہیں۔ انہوں نے اس فلم کو بنانے کے لیے بطور ہیرو معروف اداکار ٹام ہینکس کو کاسٹ کرنا چاہا تھا لیکن وہ فورسٹ گمپ میں مصروف تھے تاہم انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ ان کی اگلی فلم میں کام ضرور کریں گے اور یوں وہ عہد کے مطابق فرینک ڈیرابونٹ کی اگلی فلم دی گرین مائل میں جلوہ افروز ہوئے جو 10 دسمبر 1999ء کو ریلیز ہوئی۔

گرین مائل

شاشینک ریڈمپشن کی طرح دی گرین مائل بھی اسٹیفن کنگ ہی کے ایک ناول پر مبنی کہانی ہے جو ایک کال کوٹھڑی میں سینئر محافظ کی ذمہ داریاں نبھانے والے پال ایج کومب (ٹام ہینکس) اور سزائے موت پانے والے قیدی جان کافی (مائیکل کلارک ڈنکن) اور قید خانے میں پیش آنے والے مافوق الفطرت و معجزاتی واقعات کے گرد گھومتی ہے۔
یہ فلم چار آسکر ایوارڈز (بہترین معاون اداکار، بہترین فلم، بہترین صوتی اثرات اور بہترین ماخوذ اسکرین پلے) کے لیے نامزد ہوئی تاہم کوئی بھی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس فلم میں کوئی کمی ہے۔ کئی فلمیں محض اس لیے اعلی ترین اعزازات سےمحروم رہ جاتی ہیں کیونکہ ان کے مقابلے پر بہت عظیم فلمیں آ جاتی ہیں جیسا کہ شاشینک ریڈمپشن کے مقابلے پر فورسٹ گمپ آئی اور بالکل اسی طرح اس مرتبہ گرین مائل کو امریکن بیوٹی جیسی فلم کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اس کے مقابلے میں بہترین فلم کا اعزاز ہار گئی۔
فلم کی سب سے خاص بات اس کے تمام کرداروں کا اپنے کردار میں ڈوب جانا اور ایک یادگار کارکردگی پیش کرنا ہے۔ تین گھنٹے طویل یہ فلم اداکاری کاشاہکار ہے۔ کال کوٹھڑی کا پراسرار ماحول اور جان کوفی کی پراسرار شخصیت اس فلم کی طوالت کو محسوس نہیں ہونے دیتی۔
یہ فلم اس طرح نہیں ہے جو محض چند گھنٹوں میں کسی بھی شخص کی رائے کو بدل کر رکھ دے بلکہ اس کے اثرات کہیں زیادہ گہرے ہیں خصوصاً سزائے موت کی مخالفت میں یہ رائے سازی کے لیے زبردست طریقے سے استعمال کی جا سکتی ہے۔ سزائے موت کے مخالفین اس فلم کو اپنے موقف کی دلیل کے طور پر پیش کر سکتے ہیں کیونکہ اس فلم میں برقی کرسی پر سزائے موت کی ہولناکی کو دکھایا گیا ہے جو ایک تند مزاج محافظ کی گھٹیا حرکت کی وجہ سے بہت زیادہ خوفناک صورت اختیار کر جاتی ہے۔

کہانی

گرین مائل کی کہانی پال ایج کومب (ٹام ہینکس) نامی ایک شخص بیان کرتا ہے جو ایک اولڈ ہاؤس میں اپنی دوست ایلین کو بیان کرتا ہے۔ پال ایج کومب کی عمر 100 سال سے زائد ہوتی ہے اور وہ ایلین کو بتاتا ہے کہ وہ 1930ء کی دہائی میں ایک ایک کال کوٹھڑی میں سینئر محافظ تھا جہاں اس نے ایک ملزم جان کوفی (مائیکل کلارک ڈنکن) کے ہاتھوں کچھ محیر العقول واقعات پیش آتے دیکھے۔ یوں فلم کی کہانی کا آغاز ہوتا ہے۔

فلم کی کہانی کساد عظیم (Great Depression) کے بعد کے زمانے کی ہے۔ فلم کے دوسرے مرکز کردار جان کوفی کو دو بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے الزام میں سزائے موت سنا دی جاتی ہے اور یوں وہ اس کال کوٹھڑی میں آتا ہے جو یہاں کے محافظین کے درمیان “گرین مائل” کہلاتی تھی۔ فلم کے دیگر کرداروں میں جیل کا رحم دل محافظ بروٹس اور خودسر و سرکش محافظ پرسی قابل ذکر ہیں۔
ملزم جان کوفی بظاہر تو اپنی طویل قامت ایک دیو دکھائی دیتا ہے لیکن حقیقتاً اتنا ہی نرم دل کا مالک ہے حتیٰ کہ اس نے قید خانے میں پہلی رات کو اہلکاروں سے مطالبہ کرتا کہ وہ روشنی نہ بجھائیں کیونکہ اسے اندھیرے میں ڈر لگتا ہے۔
چند واقعات کے بعد پال جان لیتا ہے کہ جان کے پاس کچھ مافوق الفطرت قوتیں ہیں۔ یوں فلم کی کہانی کا اصل آغاز ہوتا ہے جس میں قید خانے کے ملزمان اور حفاظتی اہلکاروں کے کے درمیان نفسیاتی جنگیں، سزائے موت دیے جانے کے خطرناک مناظر اور سنسنی سب کچھ ہے۔
فلم کا بنیادی پیغام ہے کہ عدالتی فیصلہ ہمیشہ منصفانہ نہیں ہوتا ہے اور معجزات غیر متوقع ترین مقامات پر رونما ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ فرینک ڈیرابونٹ کی شاشینک ریڈمپشن دیکھ چکے ہیں اور قید خانوں کے موضوعات پر بننے والی فلمیں پسند کرتے ہیں تو گرین مائل آپ کو مایوس نہیں کرے گی۔

اداکار

  • ٹام ہینکس بطور پال ایج کومب
  • مائیکل ڈنکن کلارک بطور جان کوفی
  • ڈیوڈ مورس بطور بروٹس ہوول
  • بونی ہنٹ بطور جان ایج کومب
  • جیمز کرومویل بطور وارڈن ہال مورس
  • مائیکل جیٹر بطور ایڈورڈ ڈیلاکروئے
  • ڈوگ ہچی سن بطور پرسی ویٹ مور
  • سام روک ویل بطور ‘وائلڈ بل’ وارٹن

اضافی معلومات

  • آئی ایم ڈی بی درجہ بندی 8.4/10
  • ریٹنگ: R (تشدد، گھٹیا زبان اور تھوڑے جنسی مواد کے باعث)
  • بجٹ: اندازاً 6 کروڑ امریکی ڈالر
  • آمدنی: 13 کروڑ 68 لاکھ امریکی ڈالر
  • دورانیہ: 189 منٹ (تین گھنٹے 9 منٹ)

یادگار مکالمے

1- پال ایج کومب: تم مجھ سے کیا چاہتے ہو جان؟ کیا تم چاہتے ہو کہ میں تمہیں یہاں سے بھگا دوں، دیکھو تم کہاں تو بھاگ پاؤ گے؟
جان کوفی: تم ایسی بے وقوفانہ حرکت کیوں کرو گے؟
پال ایج کومب:روز حساب کو، جب میں خدا کے حضور کھڑا ہوں گا، اور وہ مجھ سے پوچھے گا کہ میں نے اس کے حقیقی معجزوں میں سے ایک کو کیوں ختم کیا، تو میں کیا کہوں گا؟ یہ کہ یہ میری نوکری تھی؟

2- پال ایج کومب: وہ عام طور پر کال کوٹھڑی کو آخری میل (Last Mile) کہتے تھے لیکن ہم اپنی کوٹھڑی کو سبز میل (Green Mile) کہتے تھے جس کی وجہ ہمارے قید خانے کے فرش کا رنگ تھا۔ ہمارے پاس ایک برقی کرسی تھی، جسے اولڈ اسپارکی کہتے تھے۔ ہم وہاں سالوں رہے ایلی، لیکن 1935ءوہ سال تھا جس سال مجھے اپنی زندگی کا سب سے خطرناک پیشاب کا انفیکشن ہوا۔ یہی جان کوفی اور ان دو مقتول لڑکیوں کا سال تھا۔

اعزازات

گرین مائل چار آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئی لیکن اس سال کی معروف فلم “امریکن بیوٹی” کےہاتھوں ہار گئی۔ جن زمرہ جات میں گرین مائل کو نامزد کیا گیا ان میں مائیکل کلارک ڈنکن کےلیے بہترین معاون اداکار، بہترین فلم، بہترین آواز اور شایع شدہ مواد سے ماخذ بہترین تحریر شامل ہیں۔

ساؤنڈ ٹریک

فلم کا ساؤنڈ ٹریک باضابطہ طور پر 19 دسمبر 1999ء کو وارنر برادرز سے جاری کیا جس میں 35 ٹریکس شامل تھے۔

ٹریلر