اینی میٹڈ فلموں میں پکسار (Pixar) کو جو مقام حاصل ہے وہ شاید کسی اسٹوڈیو کو حاصل نہیں۔ ٹوائے اسٹوری سے لے کر اپ (UP) تک اس کی تمام فلمیں شاہکار رہی ہیں جنہوں نے ریکارڈ توڑ آمدنی تو حاصل کی لیکن ناقدین کی نظروں میں بھی انتہائی قدر و منزلت پائی۔

پکسار کے کئی شاہکاروں میں سے ایک کا نام ہے ریٹاٹوئی(Ratatouille)۔ جو کہانی ہے ریمی نامی اک چوہے کی جو باورچی بننے کا خواب دیکھتا ہے گو کہ اس میں بہت بڑی رکاوٹ خود اس کا چوہا ہونا ہوتا ہے، پھر اس کے گھر والے بھی اس کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں۔ لیکن ایک حادثے کے بعد پیرس کے اس عظیم باورچی کے ریستوراں پہنچ جاتا ہے جسے دنیا آگستے گوستیو کے نام سے جانتی تھی ۔ جب ریمی ریستوراں میں پہلی بار داخل ہوتا ہے تو گوستیو کا ریستوراں اس کی ناگہانی موت کی وجہ سے مشکلات سے دو چار ہوتا ہے ۔ یہاں فلم کی اصل کہانی کا آغاز ہوتا ہے جس میں چوہا اور ریستوراں کا خاکروب (سویپر) لنگوئنی مرکزی کردار ہیں۔ ریمی لنگوئنی کو استعمال کر کے مختلف کھانے پکاتا ہے اور گوستیو کے ریستوراں کی ماضی کی عظمتیں بحال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کہانی مزاح بھی ہے، جذبات بھی اور سنسنی بھی اور ساتھ ساتھ فلم کی شاندار اینی میشن بھی۔ پیرس کے خوبصورت نظارے، کھانوں کی خوبصورتی اور کرداروں کی جزئیات و تفصیلات اس اینی میشن کو چار چاند لگاتی ہیں۔

ریٹاٹوئی 2007ء میں پکسار اور والٹ ڈزنی پکچرز نے مشترکہ طور پر ریلیز کی جو پکسار کی اینی میٹڈ پکچرز کے سلسلے کی آٹھویں فلم تھیں۔ اس کے لیے ہدایات بریڈ برڈ نے دیں۔

فلم نے بہترین اینی میٹڈ فیچر کا آسکر ایوارڈ بھی جیتا جو ہدایت کار بریڈ برڈ کا دوسرا آسکر اعزاز تھا۔ ویسے فلم پانچ آسکرز کے لیے نامزد ہوئی تھی۔ اس سے پہلے کوئی اینی میٹڈ پکچر اتنے آسکرز کے لیے نامزد نہیں ہوئی تھی۔ معروف فلمی نقاد راجر ایبرٹ، جو شکاگو سن ٹائمز کے لیے لکھتے ہیں، نے کہا کہ انہیں یہ فلم بہت زیادہ پسند آئی اور وہ توقع رکھتے ہیں اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور ہم ریٹاٹوئی 2 بھی دیکھیں گے۔

آسکر کے علاوہ فلم کو بہترین اینی میٹڈ کیٹگری میں بافٹا اور گولڈن گلوب ایوارڈز بھی ملے۔

اگر آپ اینی میٹڈ فلمیں نہیں دیکھتے تو یہ فلم ضرور دیکھیے، یہ آپ کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ ہوگی۔ خاص طور پر یہ فلم ان بچیوں کو ضرور دکھانی چاہیے جو باورچی خانے میں جانے سے کتراتی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اگر انہوں نے ایک مرتبہ اس فلم کو دیکھ لیا تو اگلے روز وہ باورچی خانے میں نظر آئیں گی۔

ٹریلر