ہاؤ ٹو ٹرین یور ڈریگن (How to train your Dragon) کمپیوٹر اینیمیٹڈ فلم ہے جو آج سے تقریبا دو ماہ قبل 26 مارچ کو ریلیز ہوئی۔ اس فلم نے جی بھر کے باکس آفس پر راج کیا اور آج دو ماہ گزرجانے کے باوجود نویں نمبر پر موجود ہے دیگر کئی تگڑی موویز کا منہ چڑا رہی ہے۔ اس فلم کی تیاری کا سہرا ڈریم ورکس کے سر ہے اور کہانی کا سہرا کریسیڈا کاویل (Cressida Cowell) کے سر۔ کریسیڈا کاویل نے بچوں کے لیے ایک ہک اپ (Hiccup) سیریز لکھی۔ ہاؤ ٹو ٹرین یور ڈریگن اسی سیریز کا ایک ناول ہے جو دوہزار تین میں شایع ہوا۔

گو کہ ریلیز کے پہلے ہفتے یہ فلم باکس آفس پر اول نمبر پر رہی لیکن پہلے ہفتے اتنا بزنس نہ کرپائی جتنی کہ توقعات تھیں۔ آخر 165 ملین ڈالر کے بجٹ سے تیار کی گئی فلم سے توقعات کیوں نہ ہوتیں۔ دوسرا ہفتہ تو گویا اس مووی کے لیے ڈاؤن فال تھا اور یہ فلم باکس آفس پر پہلی پوزیشن سے کھسک کر اچانک تیسری پوزیشن پر آگئی۔ جتنی دھوم سے یہ فلم آئی تھی اتنے ہی دھڑکے سے اس کا جنازہ نکلنے جارہا تھا کہ چوتھے ہفتے ڈریگن نے حیرت انگیز طور پر اوپر کی جانب پرواز شروع کی۔ اور پانچویں ہفتے تو کمال ہوگیا جب ڈریگن نے کک ایس (Kick-Ass) نامی فلم کو کک رسید کرکے باکس آفس پر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور شائقین کے دل جیت لیے۔ اس فلم کی مقبولیت کے پیش نظر ڈریم ورکس نے اسے فرنچائز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ مستقبل میں اس فلم کے مزید پارٹس بنائے جائیں گے۔

اینیمیٹڈ فلموں کی سب سے مشہور اور کماؤ پوت فرنچائز اس وقت شریک (Shrek) ہے اور یہ بھی ڈریم ورکس کا ہی کارنامہ ہے۔ ڈریم ورکس (Dream Works animation) اور پکسار (Pixar)، دراصل یہ دو اسٹوڈیوز ہی ہیں جنہوں نے اینیمیٹڈ موویز میں سب سے زیادہ کام کیا ہے۔ اینیمیٹڈ موویز کو مقبول عام بنانے میں اصل کردار پکسار کا ہے جس نے 1995 میں ایک شاہکار اینیمیٹڈ فلم ٹوائے اسٹوری (Toy Story) بناکر مستقبل میں اینیمیٹڈ موویز کا مقام ثابت کردیا تھا۔ اگر پوچھا جائے کہ اینیمیٹڈ موویز کی تاریخ میں سب سے مشہور فلم کونسی گذری ہے تو جواب ہوگا  فائنڈنگ نیمو (Finding Nemo)(2003)۔ فائنڈنگ نیمو نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑے تھے اور اس کی دھوم تمام دنیا میں مچی تھی۔ موجودہ دور میں اینیمیشن موویز اپنا لوہا منوا چکی ہیں اور ان کی مقبولیت بچوں اور بڑوں میں یکساں ہے۔ اگر یقین نہ آئے تو ہاؤ ٹو ٹرین یور ڈریگن ضرور دیکھیں۔ اینیمیشن فلمیں کیونکہ کمپیوٹر گرافکس کی مدد سے تیار کی جاتی ہیں اسی لیے ان کا بصری تاثر (visual impact) بہت اہم ہے اور ان کو دیکھنے کا اصل مزہ اسی وقت آتا ہے جب آپ اسکا اچھا پرنٹ دیکھیں۔

کہانی

فلم کیونکہ نئی ہے اور ابھی بہت سے لوگ اسے دیکھنا چاہیں گے اس لیے کہانی کا بالکل ابتدائی حصہ بیان کرنا کافی ہوگا تاکہ تجسس برقرار رہے۔

ہک اپ Hiccup نامی ایک بچہ جو وائیکنگز Vikings کی ایک بستی کے سردار کا بیٹا ہے، اس فلم کا مرکزی کردار ہے۔ وائیکنگز کی یہ بستی عام طور پر ڈریگنز کے حملوں کی زد میں رہتی ہے اور اس بستی کے رہنے والوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہی ڈریگنز ہیں۔ بستی کے رہنے والے ڈریگنز کا مقابلہ بہادری سے کرتے ہیں اور یہی ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ بستی کا سردار یعنی ہک اپ کا باپ گرانڈیل جسامت کا مالک ایک جنگجو ہے اور ڈریگنز سے مقابلہ کرنا خوب جانتا ہے. اس کے برعکس اس کا بیٹا یعنی ہک اپ مہین سا ایک لڑکا ہے جو کہ دیکھنے میں اپنے باپ سے بالکل مختلف لگتا ہے۔ ہک اپ ایک ذہین بچہ ہے جوکہ تیکنیکی ذہن کا مالک ہے اور ایڈونچر پسند بھی اور اس کی خواہش ہے کہ وہ بھی ڈریگنز کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا کرے۔ لیکن ہک اپ کے باپ کا خیال ہے کہ وہ لڑائی میں حصہ لینے کے قابل نہیں۔ ہک اپ کو یہ بات ناگوار ہے اور ایک دفعہ وہ اپنے باپ کی اجازت کے بغیر لڑائی میں نکل پڑتا ہے۔ ہک اپ کے پاس اپنا ہی ایجاد کردہ ایک دور مار ہتھیار ہے۔ یہ ہتھیار ایسا ہے جو شکار کے اعضاء کو رسیوں میں جکڑ لیتا ہے۔ ہک اپ اس ہتھیار سے ایک بہت ہی پراسرار اور خطرناک ڈریگن پر نشانہ پھینکتا ہے۔ ڈریگن رسیوں میں جکڑ جاتا ہے اور بستی کے قریب ایک جنگل میں جا گرتا ہے۔ جب ہک اپ بستی کے دیگر لوگوں کو بتاتا ہے کہ اس نے ایک ڈریگن شکار کیا ہے تو کسی کو اس کی بات کا یقین نہیں آتا بلکہ سب الٹا اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔ اگلے روز ہک اپ شکار کیے گئے ڈریگن کو تلاش کرنے نکلتا ہے اور ایک جگہ اسے بے بس حالت میں پالیتا ہے۔ ہک اپ کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ اس سفاک ڈریگن کو قتل کرکے بستی کا ہیرو بن جائے۔ ہک اپ کوشش تو کرتا ہے لیکن اس کا دل اس بے بس ڈریگن کو قتل کرنے پر آمادہ نہیں ہوتا اور بالآخر وہ دل کی مان لیتا ہے اور ڈریگن کو قتل کرنے کے بجائے اسے رسیوں سے آزاد کردیتا ہے۔ بس یہیں سے ڈریگن اور ہک اپ کی دوستی کا آغاز ہوتا ہے اور اصل کہانی کا آغاز بھی۔

جذبات اور ایکشن سے بھرپور یہ فلم اتنی شاندار ہے کہ بس۔۔۔!! اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہماری بیگم جو اینیمیٹڈ فلموں کو کارٹون کہہ کر انکی بے عزتی کرنے سے نہیں چوکتیں وہ بھی اس فلم کی تعریف کیے بنا نہیں رہ سکیں۔ یقینا اب آپ کا بھی یہ فلم دیکھنے کو دل چاہ رہا ہوگا۔ اگر ہاں تو پھر کچھ انتظار کریں یہ فلم ابھی ڈی وی ڈی پر ریلیز نہیں ہوئی۔ اک ذرا صبر کہ۔۔۔

اگر آپ کو یہ فلم پسند آئے تو پھر کنگ فو پانڈا Kung Fu Panda – 2008 اور اپ Up 2009 دیکھنا مت بھولیے گا۔

ٹریلر

ساؤنڈ ٹریکس

مندرجہ ذیل ساؤنڈ ٹریکس میں یہ میرا پسندیدہ ہے

دیگر ساؤنڈ ٹریکس یہ ہیں:

  1. This is Berk
  2. Dragon Battle
  3. The Downed Dragon
  4. Dragon Training
  5. Wounded
  6. The Dragon Book
  7. Focus, Hiccup!
  8. Forbidden Friendship
  9. New Tail
  10. See You Tomorrow
  11. Test Drive
  12. Not so Fireproof
  13. This Time for Sure
  14. Astrid Goes for a Spin
  15. Romantic Flight
  16. Dragon’s Den
  17. The Cove
  18. The Kill Ring
  19. Ready the Ships
  20. Battling the Green Death
  21. Counter Attack
  22. Where’s Hiccup?
  23. Coming Back Around
  24. The Vikings Have Their Tea